حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں خطاب کرتے ہوئے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بہترین توسل ان پر صلوات و درود کا بھیجنا ہے۔
انہوں نے کہا: قیامت کے دن جس کے دل میں نور نہیں ہو گا وہ اہل دوزخ ہے اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کے مطابق "ذکر صلوات دل کے نور میں اضافے کا باعث" ہے۔
انہوں نے مزید کہا: امام علی علیہ السلام کے اہم ترین کاموں میں سے ایک کام جو آپ ہر رات نماز عشاء کے بعد انجام دیتے تھے وہ یہ تھا کہ آپ لوگوں کو فرماتے کہ "آخرت کے لیے زیادہ راہ مہیا کرو کیونکہ اس دنیا سے کوچ کرنے کی آواز ہمیشہ آرہی ہے"۔
دینی علوم کے استاد نے کہا: امام حسین علیہ السلام بہت مظلوم ہیں اس لیے کہ انہوں نے شب عاشورہ کو نماز قائم کرنے کے لیے دشمن سے مہلت مانگی تھی لیکن آج کیسے افراد موجود ہیں جو گھنٹوں سینہ زنی تو کرتے ہیں لیکن صبح کی نماز نہیں پڑھتے۔
انہوں نے کہا: ہمیں ہر نماز اس طرح پڑھنی چاہیے کہ وہ ہماری آخری نماز ہے اور ہمیں ہر روز سینکڑوں افراد کے اس دنیا سے اٹھ جانے سے عبرت حاصل کرنی چاہئے اور اپنی عمر سے استفادہ کرنا چاہئے۔
حرم کریمہ اہل بیت علیہم السلام کے خطیب نے کہا: دنیاوی زندگی آخرت کا زاد راہ اکٹھا کرنے کی بہترین فرصت ہے اور ہمیں ہر کام خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے انجام دینا چاہئے۔
انہوں نے کہا: ہمارے روزی کمانے کا ہدف خدا کی خوشنودی اور اس کی راہ میں خرچ کرنا ہونا چاہئے اور اس طرح اگر ہم اہل خانہ پر بھی خرچ کریں گے تو اس کا ہدف بھی الہی ہونا چاہئے۔